بیرون ملک بھجوانے کےچار مقدمات کے پانچ ملزم بری

April 22, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈیوٹی جج ایف آئی کورٹ راولپنڈی سہیل ناصر نے کئی برس پرانے چار مقدمات کے پانچ ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔ ایف آئی اے نے رہائی پانے والے ملک جہانگیر ارشد کیخلاف 2011میں شباب حیدر کی درخواست پر برطانیہ بھجوانے کیلئے گیارہ لاکھ روپے وصول کرنے پر مقدمہ درج کیا تھا، اس کیس میں صرف تین گواہ تھے، 2016میں ملزم پر فرد جرم عائد ہوئی اور پھر تین گواہوں کے بیان قلمبند کرنے میں پانچ برس لگ گئے۔ اسی طرح 2014میں محمد افتخار کیخلاف درج ہونے والے کیس میں خاور محمود وغیرہ تیرہ لوگ مدعی تھے جن کا الزام تھا کہ ہمیں باہر بھجوانے کیلئے سترہ لاکھ 70ہزار روپے لئے گئے تھے لیکن دوران سماعت مدعی کے بیانات میں تضاد سامنے آگیا۔ تیسرا کیس بھی 2014 میں محمد سلیم کی درخواست پر قاسم عمر کیخلاف تین لاکھ 90ہزار روپے لیکر باہر بھجوانے کے الزام میں درج ہوا تھا، اس کیس میں مدعی اپنے بیان سے منحرف ہوگیا ۔ چوتھا کیس محمد افتخار اور محمد طارق کیخلاف 2013میں عبدالرحمان کی درخواست پر درج ہوا تھا، اس کیس میں پہلے طارق پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے باہر بھجوانے کیلئے سترہ لاکھ نوے ہزار پانچ سو روپے لئے بعدازاں دوران سماعت یہی الزام افتخار پر بھی لگ گیا، عدالت نے چاروں مقدمات میں ٹھوس شواہد نہ ہونے پر شک کا فائدہ دیتے ہوئے ملزمان کو بری کر دیا۔