بھارتی اداکارہ نے خاتون رکشہ ڈرائیور کو نئی گاڑی تحفے میں دیدی

April 22, 2021

بھارت کی ساؤتھ فلموں کی اداکارہ سمنتھا اکینینی نے خاتون رکشہ ڈرائیور کو نئی گاڑی خرید کر دے دی تاکہ وہ اپنی ٹیکسی سروس شروع کرسکے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی شو جس کی میزبانی خود سمنتھا کرتی ہیں میں کویتھا نامی خاتون شریک ہوئی جس نے بتایا کہ اس کی 7 بہنیں ہیں اور وہ اپنے گھر کی واحد کمانے والی ہے، اس لیے وہ رکشہ چلاتی ہے۔

اس موقع پر اداکارہ نے وعدہ کیا کہ وہ اسے ایک نئی گاڑی خرید کر دیں گی تاکہ وہ اپنی ٹیکسی سروس شروع کرسکے۔

رپورٹ کے مطابق سمنتھا نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے خاتون رکشہ ڈرائیور کو ساڑھے 12 لاکھ بھارتی روپے کی ایک نئی گاڑی خرید کردی ہے تاکہ وہ اپنی ٹیکسی سروس شروع کرسکے۔

ساؤتھ انڈین فلموں کی اداکارہ سمنتھا اکینینی کا شمار بھارت کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو کہ اپنی خوبصورتی اور بہترین اداکاری کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں کے باعث بھی جانی جاتی ہیں۔