چاڈ کے صدر کی نمازجنازہ کل ہوگی، فرانس کے صدر بھی شریک ہونگے

April 22, 2021

باغیوں سے جھڑپوں کے دوران مارے گئے افریقی ملک چاڈ کے صدر ادریس ڈیبی کی نمازجنازہ کل ادا کی جائے گی۔

چاڈ کے صدر ادریس ڈیبی کی نمازجنازہ میں فرانس کے صدر بھی شرکت کریں گے۔

صدر ادریس کے انتقال سے چاڈ کا سیاسی مستقبل غیرواضح ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ چاڈ کی فوج کا کہنا ہے کہ صدر ادریس ڈیبی ساحلی کاؤنٹی میں باغیوں سے فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے۔

فوج کے مطابق 68 سالہ صدر باغیوں سے لڑائی کے دوران شدید زخمی ہوگئے تھے۔

صدر ڈیبی کے بیٹے جنرل محمد ادریس کو ملٹری کونسل کا سربراہ بنادیا گیا ہے، صدر کی ہلاکت کے بعد فوج نے پارلیمان تحلیل کرکے 18 ماہ میں انتخابات کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ادریس ڈیبی 1990ء میں فوجی بغاوت کے بعد اقتدار میں آئے تھے اور وہ چند روز قبل چھٹی بار ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔