کوئٹہ دھماکے پر معروف شخصیات کا اظہارِ افسوس

April 22, 2021

گزشتہ روز کوئٹہ کےزرغون روڈ پر مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے پر پاکستان کی معروف شخصیات کی جانب سے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

معروف گلوکار و میزبان فخر عالم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’کوئٹہ مضبوط رہے، بلوچستان مستحکم رہے اور پاکستان مضبوط رہے۔‘

فخر عالم نے کہا کہ ’دشمنوں نے ایک دہائی سے دہشت گردی کے ساتھ ہمارے عزم کا امتحان لیا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’یہ بزدلانہ حملے ہمیں اپنے معاشی اہداف، اپنی ترقی اور خوشحالی کے حصول سے روکنے کے لیے ہیں لیکن ہم باز نہیں آئیں گے۔‘

گلوکار نے کوئٹہ حملے میں زخمی ہونے والے افراد اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دُعا بھی کی۔

گلوکار ابرار الحق نے اپنے ٹوئٹ میں اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئٹہ کے تمام رضاکاران اپنی جیکٹس پہنیں اور مریضوں کی مدد، خون کا بندوبست کرنے اور ہر ممکن مدد کے لیے دھماکے والے مقام اور قریبی اسپتالوں میں پہنچیں۔‘

قومی وکٹ کیپر و بیٹسمین کامران اکمل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’میں کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتا ہوں یہ واقعی انتہائی افسوسناک ہے۔‘

کامران اکمل نے کہا کہ ’میری دلی تعزیت اور ہمدردی متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اللّہ تعالٰی ہم سب کی حفاظت فرمائے، آمین۔‘

قومی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی اپنے ٹوئٹ کوئٹہ دھماکے پر شدید دُکھ کا اظہار کیا۔

محمد حفیظ نے اپنے پیغام میں دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت بھی کی

واضح رہے کہ گزشتہ روزکوئٹہ کے زرغون روڈ پر مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے زرغون روڈ پر مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی، دھماکے سے ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔