مریخ، ناسا نے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو آکسیجن میں بدل دیا

April 22, 2021

2020ء میں سُرخ سیارے مریخ پر جانے والے ناسا کے مشن ’پرسیورینس روور‘ نے مریخ پر موجود ہوا کی کچھ مقدار کو سانس لینے کے قابل بناتے ہوئے آکسیجن میں تبدیل کر دیا ہے۔

ناسا کی جانب سے مریخ پر ایک مشن 2020ء میں بھیجا گیا تھا جس کا نام ’پرسیورینس روور‘ ہے، اس کو مریخ سیارے پر بھیجنے کا مقصد مریخ پر موجود قدیم زندگی کا سراغ لگانا اور مریخ کے پتھروں کے کچھ نمونے حاصل کرنا تھا۔

مریخ پر بھیجا گیا قدرے چھوٹا سا ناسا کا یہ روبوٹ مریخ کے کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس سے بھرپور ماحول کو آکسیجن گیس میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

ناسا کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ٹوسٹر کے سائز پر مشتمل اس تجرباتی آلے (روبوٹ) نے ’مارس آکسیجن اِن سیتو ریسوَرس یوٹیلائزیشن ایکسپیرمنٹ ( ایم او ایکس آئی ای )‘ کے تحت کاربن ڈائی آکسائیڈ کو آکسیجن میں بدلنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔

ایم او ایکس آئی ای کے پرنسپل انویسٹیگیٹر مائیکل ہیچٹ کے مطابق راکٹس یا خلا بازوں کے لیے آکسیجن ایک اہم ترین جز ہے۔

واضح رہے کہ مارس کا ماحول 96 فیصد کاربن ڈائی آکسائیڈ پر مشتمل ہے، ’ایم او ایکس آئی ای‘ آکسیجن گیس کے مالیکیولز کو کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس سے علیحدہ کرنے کا کام کرتا ہے جو کہ ایک کاربن اور دو آکسیجن کے مالیکیولز سے مل کر بنے ہوتے ہیں، دو آکسیجن کے مالیکیولز نکالنے کے بعد مونو آکسائیڈ باقی رہ جاتا ہے، مونو آکسائیڈ (جو کہ استعمال کے قابل نہیں ہوتا) کو مریخ کی فضا میں ضائع کر دیا جاتا ہے۔

کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس سے آکسیجن بنانے کے اس عمل کے لیے تقریباً 1 ہزار 470 ڈگری فارن ہائیٹ یعنی 800 سیلسیئس گرمی کی ضرورت ہوتی ہے۔

اس کام کو قابل عمل بنانے کے لیے MOXIE یونٹ انتہائی گرمی کو برداشت کرنے والے مواد کی مدد سے بنایا گیا ہے، اس یونٹ میں 3D پرنٹ شدہ چند مزید آلات بھی شامل یں جو گرمی اور اس کے ذریعے بہنے والی گیسوں کو ٹھنڈا کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، اس یونٹ کے ساتھ وزن میں بہت ہلکا سا ایک ایئرجیل بھی منسلک ہے جو گرمی کو روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

MOXIE یونٹ کو باہر کی جانب سے سونے کی پتلی سی پرت کی مدد سے ڈھکا گیا ہے جو کہ گر می کی شدت سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہے ، اس سونے کی پرت کا کام گرمی کی شدت سے متعلق بتانا، گرمی کو یونٹ سے باہر نکلنے سے روکنا اور اسے محفوظ حدت سے نکل جانے سے قبل آگاہ کرنا ہے۔