برسلز، نیٹو سمٹ 14 جون 2021ء کو نیٹو ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوگی

April 22, 2021

آئندہ نیٹو سمٹ 14 جون 2021 کو نیٹو ہیڈ کوارٹرز برسلز میں منعقد ہوگی، اس بات کا اعلان آج نیٹو کے سیکریٹری جنرل ژان سٹولٹن برگ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق نیٹو ممالک کے سربراہان کی آئندہ سمٹ 14 جون 2021 کو یورپین دارالحکومت برسلز میں واقع نیٹو ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوگی۔

نیٹو سیکریٹری جنرل کے مطابق یہ میٹنگ، یورپ اور شمالی امریکا کے مابین تعلقات کو پائیدار شکل کے طور پر نیٹو کو تقویت دینے کا اہم موقع ہےجس میں ہم اپنے آج اور کل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور مستقبل کے حوالے سے نیٹو 2030ء ایجنڈے پر فیصلے لیں گے۔

اسی کے ساتھ ہی اس سمٹ کے دوران روس کے جارحانہ اقدامات، دہشت گردی کا خطرہ، سائبر حملوں، ابھرتی ہوئی نئی اور خلل ڈالنے والی ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلی کے حفاظتی اثرات اور چین کے عروج جیسے موضوعات بھی زیر غور آئیں گے۔

یاد رہے کہ 1949ء میں نیٹو کے قیام کے بعد سے اب تک یہ اس کا 31 واں سربراہی اجلاس ہوگا۔

نیٹو کی آخری سمٹ 2019 میں برطانیہ کے علاقے واٹ فورڈ میں منعقد ہوئی تھی۔

توقع ہے کہ اس سال 14 جون کو منعقد ہونے والی سمٹ افغانستان سے انخلاء کے حوالے سے بھی فیصلہ کُن ہوگی۔

یہ جنگ 7 اکتوبر 2001 کو شروع ہوئی تھی جس کے نتیجے میں افغانستان میں ہی نہیں بلکہ بالواسطہ طور پر پاکستان کو بھی بڑا جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔