بھارت میں کورونا کی دوسری لہر، نظام صحت ناکام، مریضوں کے لیے جگہ کی کمی

April 22, 2021


بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آگے ملک کا صحت کا نظام ناکام ہوگیا، اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی، لوگ آکسیجن کی عدم فراہمی پر جان سے جانے لگے۔

اس صورتحال پر بھارتی عدالت مودی سرکار پر برہم ہوگئی، آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم جاری کر دیا۔

دریں اثنا چین نے بھارت کو کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے مدد کی پیش کش کردی۔

بھارت میں گذشتہ روز تین لاکھ پندرہ ہزار کورونا مریضوں رپورٹ ہونے کے بعد دنیا بھر میں اب تک کے سب سے زیادہ یومیہ کیسز کا ریکارڈ بن گیا۔

کیسز بڑھنے پر اسپتالوں کے باہر مریضوں کی لائن لگ گئی، اسپتالوں میں آکسیجن کم پڑ گئی، میتوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے بھی جگہ کم پڑنے لگی۔

چین نے کورونا کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کے لیے بھات کو مدد اور تعاون کی پیش کش کی ہے۔

دوسری طرف سنگاپور نے بھارت سے آنے والوں پر پابندی لگا دی اور آسٹریلیا نے بھارت سے پروازوں کی تعداد تیس فیصد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔