بھارت، کورونا کے وار، ٹی 20 ورلڈکپ لپیٹ میں آنے کا خدشہ، آئی سی سی حالات جانچنے پر مجبور

April 23, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اکتوبر میں بھارت میں ہونے والےٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد شدید ترین خطرات سے دوچار ہوگیا ہے۔ بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے وار کے سبب آئی سی سی ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات منتقل کرسکتا ہے۔ بھارت کے9 شہروں نے میزبانی کرنا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ‏کو بھارت میں کوویڈ 19 کے بڑھتے ہو ئے کیسز پر تشویش لاحق ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نےکوویڈ 19 کی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے آئی سی سی مکمل اطمینان چاہتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ٹیموں اور براڈ کاسٹرز سمیت دیگر متعلقہ افراد کی صحت اور حفاظت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا ۔ آئی سی سی کا وفد اگلے چند روز میں بھارت کا دورہ کرے گا ۔ وفد کے لیے موجودہ صورتحال میں بھارت جانا ایک چیلنج سے کم نہیں ہے۔ آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کے 9 مجوزہ وینیوز کا بھی جائزہ لینا ہے ۔ آئی سی سی جائزہ لینے کے بعد وینیوز کا حتمی فیصلہ کرے گا ۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کےکچھ رکن ممالک ایونٹ کو آسٹریلیا منتقل کروانا چاہتے ہیں۔ یہی نہیں بھارت میں کوروناوائرس کے شدید پھیلاؤ کے باعث آئی سی سی آفیشل کا 26 اپریل کو کیا جانے والا بھارت کا دورہ بھی خطرے سے دوچار ہوگیا ہے۔ ذرائع آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ٹیموں اور صحافیوں کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ بھارت میں اس وقت روزانہ کی بنیاد پر دو لاکھ سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیوآفیسر جیف ایلرڈائز نے کہا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پلان کے مطابق بھارت میں ہو گا، ایسا نہ ہونے کی صورت میں ہمارے پاس متبادل پلان بھی موجود ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں آئی سی سی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لئے بھارت کے وینیوز کا جائزہ جاری ہے۔ اگر بھارت میں ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کا انعقاد ممکن نہیں ہوتا تو اس کے متبادل پر متحدہ عرب امارات کو رکھا گیا ہے، جہاں یہ ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز ہے۔