آج دوسرا ٹی 20، پاکستان کی مسلسل چوتھی سیریز جیتنے پر نظر

April 23, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) زمبابوے اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جمعے کو ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو مسلسل چوتھی سیریز جیتنے کے لئے میزبان ٹیم کو زیر کرنا ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان نے ہوم گرائونڈ پر زمبابوے کو تین صفر، جنوبی افریقا کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ گذشتہ ہفتے پاکستان نے جنوبی افریقا کو تین ایک سے ہرایا۔ پاکستان نے پہلے میچ میں زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دی تھی۔ محمد رضوان کو 82 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ محمد رضوان کے علاوہ بابر اعظم اور فخر زمان بھی اچھی فارم میں ہیں لیکن ان کے علاوہ پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ مشکل سے دوچار ہے۔ محمد حفیظ، حیدر علی، آصف علی افریقی سفاری میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 15 انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں اور ان تمام میں پاکستان نے فتح حاصل کی ہے۔ اس سیریز کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ بابر اعظم کو انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین 2000 رنز مکمل کرنے کے لیے 58 رنز درکار ہیں اور اگر وہ یہ ساتھ رنز اپنی اگلی چھ اننگز میں مکمل کر لیتے ہیں تو وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین دو ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔ بھارت کے کپتان ویرات کوہلی سے بھی پہلے وہ یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے کرکٹر ہوں گے۔ جبکہ دوسری جانب زمبابوے کے کپتان شان ولیمز انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے دوسرے زمبابوین بیٹسمین بننے سے صرف 64 رنز کی دوری پر ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہرارے اسپورٹس کلب کی پچ ڈبل پیس تھی اس لئے ہمیں بہتر انداز میں ذمے داری سے بیٹنگ کرنے کی ضرورت تھی۔ محمد رضوان کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ اس وقت وہ ہماری بیٹنگ میں سب سے آگے ہے۔ اگلے میچوں میں ڈسپلن کارکردگی دکھانا ہوگی۔