پاکستان میں یوم اقبال کی سرکاری حیثیت بحال کی جائے،حلقہ ارباب ذوق برطانیہ

April 23, 2021

لندن ( پ ر )نظریہ پاکستان کے خالق ،حضرت علامہ محمد اقبالؒ کے یوم وفات کے حوالے سے حلقہ ارباب ذوق برطانیہ سے وابستہ شمالی انگلستان کے شاعروں اور ادیبوں نے مقتدر اداروں سے اپیل کی ہے، کہ نظریہ پاکستان کی بقا کیلئے وطن عزیز میں سالانہ یوم اقبالؒ کی سرکاری حیثیت بحال کی جائے۔ علامہ اقبالؒ کی 83ویں برسی کے موقع پرحلقہ ارباب ذوق کے اقبالؒ میموریل اجلاس میں چیئرپرسن محمدانور نے مفکر پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے فکری محاذ پر ملا اور پنڈت کے الحادی گٹھ جوڑ کا تن تنہا مقابلہ کیااور حصول پاکستان کیلئے قائد اعظمؒ جیسے مدبر کو میدان عمل میں اتارا،افسوس کا مقام ہے کہ کوتاہ اندیش حکومتوں نے اس گوہر نایاب کی قدر نہ کی۔جنرل سیکرٹری روبینہ خان نے کہا، جو قومیں اپنے محسنوں کو یاد نہیں رکھتیں ان کا نشاں تک مٹ جاتاہے،ہماری آنکھوں کے سامنے جن لیڈروں نے یوم اقبالؒ کی تعطیل منسوخ کی آ ج رسوائے زمانہ ہیں، اور یہی انجام موجودہ حاکموں کا ہوگا اگر علامہ اقبالؒ کی سرکاری حیثیت کو بحال نہ کیا گیا،کلچرل سیکرٹری فردوس شاہ نے کہا مقام حیرت ہے علامہ اقبالؒ کے کلام پر پلنے والی مذہبی جماعتوں نے بھی چپ سادھ رکھی ہے، ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر طاہر جاوید بٹ نے کہا حلقہ ارباب ذوق کے تحت جلد ہی علامہ اقبالؒ کی ۸۳ ویں برسی کا اہتمام کیا جائے گا ، خزینہء شعروادب کی صدر نغمانہ کنول، ڈاکٹر پرواز لیاقت علی عہد،شارق خان،راجہ فاروق حیدر، شکیل قمر، صوفی محمد سرور نے بھرپور تائید کی ہے۔