دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی آسمانی کتاب ’’قرآن مجید‘‘ ہے

April 23, 2021

راچڈیل (ہارون مرزا) دنیا میں سے زیادہ پڑھی جانے والی آسمانی کتاب قرآن مجید ہے، دنیا کے کسی خطے میں بھی ایسا کوئی ملک نہیں ہے جہاں قران کریم کی تلاوت نہ کی جاتی ہو، رمضان المبارک کے بابرکت اور رحمتوں بھرے مہینے میں قرآن پاک پڑھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک سروے کے مطابق تقریبا 47فیصد مسلمان رمضان المبارک میں قران پاک کو مکمل کرتے ہیں جب کہ 30فیصد سے زائد مسلمان یہ سعادت رمضان کریم میں دو مرتبہ حاصل کرتے ہیں، قران مجید دنیا کی واحد کتاب ہے جو نہ صرف مختلف زبانوں اور تراجم میں موجود ہے بلکہ دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جہاں اس مقدس کتاب کی تلاوت نہ کی جاتی ہو، 14 سو برس قبل نبی کریمﷺ پر وحی کے ذریعے اترنے والا کلام الٰہی آج تک قرآن مجید کی صورت میں لوگوں کے دلوں میں اور زبان پر موجود ہے اور قیامت تک اس کی تلاوت ہوتی رہے گی، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں آج سائنس نے جدید تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ قرآن مجید کی تلاوت کے انسانی جسم پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ، ناول، کتابیں، رسالے ، جرید وں سمیت دنیا کی کوئی بھی کتاب مسلسل پڑھنے سے انسان اکتاہت کا شکار ہو جاتا ہے مگر قرآن مجید واحد آسمانی کتاب ہے جس کے پڑھنے سے نہ صرف دل کو سکون بلکہ روح کو اطمینان ملتا ہے اور اس میں مسلسل دلچسپی بڑھتی جاتی ہے ،کروڑوں مسلمانوں نے قرآن مجید کو حفظ کر کے اپنے سینوں میں محفوظ کیا اور پھر نسل در نسل اس کو آگے منتقل کرنے کا سلسلہ بھی قیامت تک جاری رہے گا ،روزہ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میںشامل ہے،ماہ رمضان بڑی فضیلتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے اس مہینہ میں اہل ایمان کی طرف اللہ تعالی کی خصوصی رحمتیں برستی ہیں رمضان کا پورا مہینہ دیگر مہینوں میں ممتاز اور خصوصی مقام کا حامل ہے یوں تو مسلمان پورا سال ہی قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہیں ۔گھروں اور مساجد میں بھی باقاعدگی کے ساتھ قر آن مجید پڑھا جاتا ہے لیکن رمضان المبارک میں قرآن مجید پڑھنے اور اسے اس مہینہ میں مکمل کرنیوالوں کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، مساجد اور گھروں میں بچے ، بوڑھے ، نوجوان، خواتین سب نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ سحر و افطار اور دوپہر کے اوقات میں قرآن مجید کی تلاوت کر کے اللہ کی خوشنودی حاصل کرتے ہیں ،رمضان المبارک ہی وہ مقدس مہینہ ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ نے قران مجید نازل فرمایا، قرآن مجید بلاشبہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری کائنات کیلئے راہ ہدایت ہے۔ آخری کتاب قرآن مجید پوری دنیا کے لوگوں کیلئے مکمل نمونہ حیات ہے ،رمضان المبارک کے مہینے کو کلام اللہ سے خاص مناسبت ہے یہی وجہ ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت ماحول میں ہر مسلمان رات دن تلاوت کلام پاک میں منہمک نظر آتا ہے،عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث برطانیہ کی مساجد میں اجتماعی عبادات پر پابندی ہونے کے باعث لوگ گھروں میں دن رات تلاوت قرآن پاک میں مشغول اور خداوند کریم سے اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے سربسجود ہیں ۔