لندن کے حجام بلڈ پریشر بھی چیک کیا کریں گے

April 23, 2021

لندن (سعید نیازی) لندن میں حجاموں کو صارفین کا بلڈ پریشر چیک کرنے کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ لندن سائوتھ بنک یونیورسٹی کے اس پراجیکٹ کا ہدف سیاہ فام اور ایشیائی ہیں کیونکہ اعدادوشمار کے مطابق ان افراد میں بلڈ پریشر کی تشخیص نہ ہونے کا امکان زیادہ ہے۔ جنوبی لندن میں حجام کی آٹھ دکانوں میں اس سہولت کی فراہمی کا آغاز کیا گیا ہے جہاں صارفین چاہیں تو ان کا بلڈ پریشر بھی چیک کیا جائے گا۔ یہ پراجیکٹ لاس اینجلس میں شروع کئے جانے والے پراجیکٹ کی تقلید میں شروع کیا گیا ہے۔ امریکہ میں 2016ء میں شروع کئے جانے والے پراجیکٹ کے نتیجہ میں جن افراد کا بلڈ پریشر چیک کیا گیا تھا ان میں سے 68 فیصد کا بلڈ پریشر ہائی تھا۔ انگلینڈ میں ہر چار میں سے ایک شخص ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہے اور اس کے سبب تقریباً سالانہ 75 ہزار اموات واقع ہوتی ہیں، اس پراجیکٹ میں کرائیڈن،میچم، تھارٹن ہیتھ، بروملی اور سائوتھ نارووڈ کے حجام حصہ لے رہے ہیں۔