اوہائیو میں سیاہ فام لڑکی پولیس فائرنگ سے ہلاک

April 23, 2021

نیویارک (نیوزڈیسک) امریکا میں تواتر کے ساتھ پولیس کے ہاتھوں سیاہ فاموں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ واقعے میں پولیس گردی کا شکار ہونے والی 15سالہ سیاہ فام لڑکی تھی۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ ریاست اوہائیو کے شہر کولمبس میں پیش آیا، جہاں پولیس کی فائرنگ سے 15 سالہ سیاہ فام لڑکی ہلاک ہوگئی۔ مقتولہ شناخت ماکھیابرائنٹ کے نام سے ہوئی پولیس کا کہنا ہے کہ اسے چاقو حملے کی اطلاع موصول ہوئی تھی،جس کے بعد کارروائی کی گئی۔ مقتولہ جائے وقوع پر موجود دیگر خواتین پر چاقو سے حملے کے ارادے سے بڑھ رہی تھی کہ پولیس اہل کار نے اس پر فائرنگ کردی۔ گاڑی میں لگے کیمرے سے واقعے کی وڈیو بھی بن گئی،جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ کولمبس کے میئر نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ واضحرہے کہ گزشتہ روز ہی امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منیاپولس کی عدالت نے گزشتہ برس قتل ہونے والے سیاہ فام جار ج فلائیڈ کے کیس میں پولیس اہل کار ڈیرک شاوین کو مجرم قرار دیا ہے۔ منی ایپلس کے ایک سابق پولیس اہلکار ڈیرک شاوین کو بارہ افراد پر مشتمل جیوری نے سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کے قتل کا مجرم قرار دیا۔