نیٹو سربراہ کانفرنس 14جون کو برسلز میں منعقد ہوگی

April 23, 2021

برسلز( حافظ انیب راشد ) آئندہ نیٹو سربراہ کانفرنس 14 جون 2021 کو نیٹو ہیڈ کوارٹرز برسلز میں منعقد ہوگی ۔ اس بات کا اعلان نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژان سٹولٹن برگ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کیا گیا ۔ اعلامیے کے مطابق یہ میٹنگ ، یورپ اور شمالی امریکہ کے مابین تعلقات کو پائیدار شکل کے طور پر نیٹو کو تقویت دینے کا اہم موقع ہے۔ جس میں ہم اپنے آج اور کل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اور مستقبل کے حوالے سے نیٹو 2030 ایجنڈے پر فیصلے لیں گے۔ اسی کے ساتھ ہی اس سمٹ کے دوران روس کے جارحانہ اقدامات، دہشت گردی کا خطرہ، سائبر حملوں، ابھرتی ہوئی نئی اور خلل ڈالنے والی ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلی کے حفاظتی اثرات اور چین کے عروج جیسے موضوعات بھی زیر غور آئیں گے۔ یاد رہے کہ 1949 میں نیٹو کے قیام کے بعد سے ابتک یہ اس کا 31 واں سربراہی اجلاس ہوگا۔ نیٹو کی آخری سمٹ 2019 میں برطانیہ کے علاقے واٹ فورڈ میں منعقد ہوئی تھی۔ توقع ہے کہ اس سال 14 جون کو منعقد ہونے والی سمٹ افغانستان سے انخلا کے حوالے سے بھی فیصلہ کن ہوگی۔ یہ جنگ 7 اکتوبر 2001 کو شروع ہوئی تھی ۔ جس کے نتیجے میں افغانستان میں ہی نہیں بلکہ بالواسطہ طور پر پاکستان کو بھی بڑا جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔