نیو نازی دہشت گرد تنظیم سے تعلق کے الزام میں کانسٹیبل برطرف

April 23, 2021

لندن(پی اے ) میٹروپولیٹن پولیس نے کانسٹیبل بین ہینام کو نیو نازی دہشت گرد تنظیم سے تعلق کے الزام میں کوئی نوٹس دئے بغیر ملازمت سے برطرف کردیاہے ۔یکم اپریل کو اولڈ بیلے کی عدالت میں سنگین مس کنڈکٹ کے مقدمے کی سماعت کے دوران بین ہینام دائیں بازو کے کالعدم دہشت گروپ نیشنل ایکشن کا رکن ثابت ہوگیاتھا ، میٹ کی اسسٹنٹ کمشنر ہیلن بال نے کہا کہ اس کے عمل سے بلاشبہ عوامی اعتماد اور فورس کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے پولیس کانسٹیبل ہینام کالعدم تنظیم کو رکن تھا اس نے غلط بیانات دئے اور دہشت گردی سے متعلق ڈاکومنٹس اس کے پاس تھے اور اس کے قبضے سے ایک بچے کی ممنوعہ تصویر بھی برآمد ہوئی تھی اسے اپنا طرز عمل تبدیل کرنے کے بیشتر مواقع ملے لیکن اس نے ان سے فائدہ نہیں اٹھایا اور اپنی ڈگر سے نہیں ہٹا ،پولیس کانسٹیبل ہینام کو 6 مختلف فوجداری الزامات میں سزائیں سنائی گئیں وہ چونکہ خود قانون شکنی کرتا رہا اس لئے قانون پر عمل کرانے کے ذمہ دار پولیس افسر کے طورپر وہ کسی طور بھی قابل برداشت نہیں تھا،وہ اپنے عمل کا خود ذمہ دار تھا اس نے بلاشبہ عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچایا ،ہینام کم وبیش 2 سال سے پروبیشنری افسر کے طورپر میٹ پولیس میں خدمات انجام دے رہاتھا ،اسے اب جمعہ کو سزا سنائی جائے گی اس وقت تک وہ ضمانت پر رہے گا تاہم جج نے اسے متنبہ کیا ہے کہ اسے قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔