سی ڈی اے آپریشن، متعدد علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات مسمار

April 23, 2021

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ نے موضع نڑیل بری امام میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے ویل ڈوزر کی مدد سے8کمرے،16چاردیواریاں،3 بیت الخلاء، 3کچن اور 2نئی ڈی پی سی کو مسمار کرکے سرکاری اراضی واگزار کروالی ۔ڈھوک ٹاہلی بری امام میں دوران آپریشن غیر قانونی تعمیر کئے گئے 3کمرے،3چاردیواریاں،بیت الخلاء، کچن مسمار کئے گئے۔ رمشا کالونی میں بھی 2نئے تعمیر شدہ گھر، 4چاردیواریاں،3کمرے، کچن،بیت الخلاء، 2 چار دیواریاں مسمار کرکے قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروالی گئی ۔ دریں اثناء سی ڈی اے نےایف ایٹ کچہری میں بھی بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر آپریشن کیا۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ ، سیشن جج اور ڈی سی اسلام آباد کی زیرنگرانی غیر قانونی عدالتوں کو خالی کرانے کیلئے آپریشن کیا گیا ۔ پلازے میں برآ مدے بند اور اضافی کمرے بنا لئے گئے تھے۔آپریشن سے قبل کیو 14 پلازے کے گراؤنڈ فلور میں قائم 6 عدالتوں کو نوٹس جاری کئے گئے تھے۔ آپریشن سے قبل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان خان، سول جج نادیہ علی،سول جج حمیرا افضل کی عدالتیں خالی کروالی گئیں ۔ آپریشن میں ایک دفتر سول ناظر کا بھی گرایا جائے گا۔مجموعی طور پر 1260 مربع فٹ کورڈ ایریا غیر قانونی طور پر تعمیر کیا گیا تھا جس کا بیشتر حصہ جمعرات کے روز گرا یا گیا۔اس طرح راستے عوام کیلئے کھول دیئے جا ئیں گے۔