شاہ زیب، ایمل کاسی کو رخصت کرنے گیا، دھماکے میں دونوں شہید ہوئے

April 23, 2021

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) ہوٹل کی پارکنگ میں خود کش حملے میں شہید ایمل کاسی کی اگلے ماہ شادی تھی،شہید شاہ زیب اپنے ساتھی ایمل کاسی کو افطاری کے بعد رخصت کرنے گیا جہاں دونوں دھماکے کے نتیجے میں دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ بدھ کی شب کوئٹہ کے نجی ہوٹل میں ہونے والے بم کے دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے ایمل کاسی کے والد سابق بیوروکریٹ عبدالظاہر کاسی نے بتایا کہ ان کے سب سے چھوٹے بیٹے شہید ایمل کاسی پی ایچ ڈی کررہا تھا آئندہ دو ماہ بعد اس کا پی ایچ ڈی مکمل ہونے والی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ پاک نے اس کو بہت سی خصوصیات سے نواز تھا اس کی شرافت اس کے چہرے سے ٹپکتی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ میری بدقسمتی ہے کہ اس عمر میں جب میرے دنیا سے رخصت ہونے کا وقت ہے میں نے اپنے جواں سالہ بیٹے کو گنوا بیٹھا ۔ انہوں نے بتایاکہ جس دن دھماکہ ہوا اس دن شہید ایمل کاسی پورا دن گھر پر موجود اور تلاوت کرتارہاجیسے ہی افطاری کا وقت آیا تو اس نے ایک گلاس شربت پیا اور دو کھجور کھائی اور ہمیں بتایا کہ اس کے دوستوں نے اسے افطار پارٹی دی ہے وہ وہاں جارہا ہے ،انہوں نے بتایا کہ شہید ایمل کاسی کی عید الفطر کے بعد شادی تھی اس سلسلے میں شہید کی والدہ کچھ روز قبل اس کی منگیتر کیلئے کراچی سے کپڑے خرید کر لائی تھی جبکہ تین روز قبل انہوں نے مجھ سے زیورات بنوانے کیلئے پیسے بھی لئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہید محکمہ جنگلات کے ایک پروجیکٹ میں تعینات تھا اس کے محنتی ہونے کے باعث محکمہ کے افسران اور عملہ اس کی بہت زیادہ عزت کیا کرتے تھے ۔ بم دھماکے میں شہید ہونے والے شاہ زیب کے چھوٹے بھائی نے بتایا کہ شاہ زیب مقامی ہوٹل میں تعینات تھا جہاں گزشتہ روز ان کے دیگر دوستوں کی افطار پارٹی تھی جس میں اس کا دوست ایمل کاسی بھی آیا تھا ۔ افطاری کے بعد شاہ زیب اپنے دوست ایمل کاسی کو رخصت کرنے ہوٹل کی پارکنگ ایریا تک گیا جہاں زدو دار دھماکہ ہوا جس میں وہ دونوں دوست دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے بھائی اور اس کے دوست نے شہادت کا بہت رتبہ حاصل کیا ہے ، تاہم ان کی جدائی سے ہمارا بہت بڑا نقصان ہوا ہے ان کی شہادت سے ہم اپنے گھر کے سربراہ سے محروم ہو گئے ہیں ۔