پانی کا بحران، کرپشن کیلئے ٹیوب ویل خراب کیے جاتے ہیں،جمعیت نظریاتی

April 23, 2021

کوئٹہ (آن لائن )جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سیدعبدالستارشاہ چشتی نے کہا ہے کہ آرٹ سکول روڈملحقہ گلیوں کوچوں شارع اقبال منصفی روڈکاسی روڈودیگرشہری علاقوں میں رمضان المبارک سے26دن قبل سے پینے کا پانی بندہے ۔ شہر کربلاکامنظر پیش کر رہا ہے ، شہری پانی کی بوندبوندکوترس رہے ہیں جب متعلقہ اداروں سے شکایت کریں توجواب ملتا ہے کہ سپین کاریزسے پانی نہیں آرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ واسا عوام کے صبر کاامتحان نہ لے، مسائل کے حل کو مزید احتجاج تک نہ پہنچائے جائے ، واسا اور ٹینکر مافیا کا گٹھ جوڑ سے عوام رل گئے ہیں ۔ وی آئی پیزکوپانی کہاں سے سپلائی ہو تا ہے۔ درجنوں ٹیوب ویل بند کرکے پانی کی سپلائی بند کی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ پینے کے پانی کے لئے خوار ہوگئے ہیں اور لوگوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ غریب عوام پینے کے پانی کے لئے خوار ہورہے ہیں، ٹیوب ویل کی خرابی کے بہانے سے درجنوں ٹیوب ویل بند کرکے عوام پانی کی بوند بوند کے لیے ترس رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پانی کے حصول میں جان بوجھ کر مشکلات پیدا کی جارہی ہے ۔شہر کے بیشتر علاقوں میں 30سال پرانی واسا کی پائپ لائنیں بوسیدہ ہوچکی ہیں۔ 80فیصد لائنیں ناکارہ ہیں جس کے باعث سیوریج کا پانی پینے کے پانی میں شامل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے لیے ٹیوب ویل آئے روز خراب کیے جاتے ہیں ۔ واسا حکام کوکئی بار کہہ چکے ہیں مگران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔انہوں نے کہا کہ عوام تھک ہار چکے ہیں ۔ واسا اور ٹینکر مافیا کے گٹھ جوڑ کا عذاب کب تک عوام پر مسلط رئیگا۔