حکومت سندھ رینجرز کے روئیے کا نوٹس لے ،آل بلوچستان ٹرانسپورٹ

April 23, 2021

کوئٹہ( این این آئی) آل بلوچستان ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ کراچی کوچز کے ساتھ سندھ رینجرز کا نارواسلوک جاری ہےیہ ظلم اور نا انصافی سمجھ سے بالاتر ہے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ہمیں سمجھ نہیں آتا ہمارے ساتھ اس طرح کا رویہ کیوں اپنایا جاتا ہے کوئٹہ کراچی روٹ پر چلنے والی کوچز اور عملہ کے ساتھ سندھ رینجرز کا ہتک آمیز رویہ اختیار کرنا باعث افسوس ہے ملکی معیشت میں ہمارا اہم کردار ہے آج پوری دنیا میں ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے ہمیں دہشت گردوں سے بھی بدتر سمجھا جاتا ہے سندھ رینجرز سندھ بلوچستان کے بارڈر حب چوکی کے مقام پر کوچز کو کئی گھنٹے چیکنگ کے بہانے روک رکھتا ہے جس کی وجہ سے بسوں میں موجود بزرگ، خواتین، مریض اور دیگر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کسٹم چیک پوسٹ چند قدم کے فاصلے پر ہونے کے باوجود بھی رینجرز کی جانب سے کسٹم حکام کے لئے ڈیوٹی سرانجام دینا کسی معجزے سے کم نہیں، کوئٹہ سے کراچی تک چیک پوسٹوں کی بھرمار ہے مگر ان کے باوجود بھی رینجرز کا کسٹم ایکٹ کے اختیارات نہ ہونے کے باوجود بھی چیکنگ کرنا حیران کن ہے ہم اس ملک کے شہری ہیں اس ملک و قوم کے لئے ہماری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے مگر ہمارے سے سوتیلی ماں جیسی سلوک کرنا سراسر ظلم اور زیادتی کے مترادف ہےانہوں نے کہاکہ بلوچستان میں لوگوں کا ذریعہ معاش ٹرانسپورٹ اور زراعت سے وابستہ ہے بدقسمتی سے زراعت کا شعبہ بجلی نہ ملنے کی وجہ سے تباہ ہوچکا ہے ٹرانسپورٹرز کی بدحالی پورے ملک کے سامنے ہے ان کی زیادتیوں کی وجہ سے ہم ذہنی کوفت میں مبتلا ہوچکے ہیں حکومت کو چاہیے تھا ہمارے لئے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں ریلیف پہنچاتی مگر ریلیف تو دور کی بات ہے ہم سے ہمارا روزگار چینا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ رینجرز کے نارواسلوک کے خلاف ہم غیر معینہ مدت کیلئے پرامن احتجاج پر ہیں ہم ڈی جی رینجرز سندھ، کورکمانڈر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ وزیر اعلیٰ بلوچستان، کورکمانڈر بلوچستان وزرائے داخلہ سندھ و بلوچستان اور تمام سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام سے دست بدست گزارش کرتے ہیں کہ سندھ رینجرز کے آل کوئٹہ کراچی کوچز کے ساتھ نارواسلوک کا فوری طور پر نوٹس لے کر ہماری داد رسی کی جائے۔