سلمان خان پھر کورونا کیخلاف فرنٹ لائن ورکرز کی مدد کیلئے سرگرم

April 23, 2021

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائن ورکرز میں کھانا تقسیم کرنے کی مہم کا دوبارہ آغاز کردیا۔

رپورٹس کے مطابق سلمان خان پریشان تھے کہ سخت لاک ڈاؤن اور 4 گھنٹے کے محدود وقت میں کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ورکر (طبی عملہ، پولیس اور بلدیہ کے اہلکار) کیسے کھانے کا انتظام کرتے ہوں گے جس پر انہوں نے فوری طور پر کھانا تقسیم کرنے کی مہم دوبارہ شرو ع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں لاک ڈاؤن کے دوران پرچون اور اشیائے خورونوش کی دکانوں کو صرف 4گھنٹےکھولنے کی اجازت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی سلمان خان نے یہی مہم چلائی تھی جس میں ان کی جانب سے طبی عملہ، پولیس اہلکاروں اور بلدیہ کے اہلکاروں کو کھانے کے ڈبے، چائے، پانی اور بسکٹ فراہم کیے گئے تھے۔