ادھورا جسم مکمل زندگی

April 29, 2021

جب وہ پیدا ہوا تو اس کی ماں نے اسے دیکھ کر منہ پھیر لیا کیونکہ نہ صرف وہ دونوں ہاتھوں، پاؤں سے محروم تھا بلکہ سرے سے اس کی ٹانگیں اور بازوبھی نہیں تھے۔ یعنی سرف دھڑ تھا

کل کا یہ بچہ آج کا قابلِ رشک نوجوان ہے، اس کا نام نک وی جی (nick vujicic) ہے۔ اس نے آسٹریلیا میں آنکھ کھولی۔ماں کے منہ پھیرنے کے باوجود پلتا بڑھتا رہا، کس طرح اُس کی پرورش ہوئی؟ کچھ نہیں پتا لیکن آج اس نوجوان کو دیکھ کر ہر ایک یہی کہے گا کہ،ہمت ہو تو ایسی،حاصلے ہوں تو ایسے۔

نک وی جی آج جو کچھ تم ہو، تمہیں دیکھ کر تمھاری ماں نہ صرف فخر کرتی ہوگی بلکہ تمہیں پہلی بار دیکھ کر اپنا منہ موڑنے پر افسوس بھی کرتی ہوگی لیکن ایسا اُس نے جان بوجھ کر نہ کیا ہوگا، نہ ہی اُسے تم سے نفرت ہوئی ہوگی بلکہ وہ یہ سوچ رہی ہوگی، میرا معصوم بچہ کیسے اس دنیا میں جیے گا۔ اس نوجوان کی بابت پڑھیں تو زندگی سے سارے گلے شکوے، ، سب شکایتیں، ہوا میں تحلیل ہو جائیں گی ،کیونکہ وہ اپنے آدھے ادھورے جسم کے باوجود نہ صرف ایک مکمّل اور بھر پور زندگی گزار رہا ہے بلکہ کروڑوں جلتی بُجھتی آنکھوں میں اُمید کی روشنی اورمایوس دلوں میں حوصلہ بڑھارہا ہے۔

آپ کو یہ جان کر یقیناََ حیرت ہو گی کہ آج یہ نوجوان نک سات کتابوں کا مُصنف ہے اس کی ‏ کتابیں نیو یارک بیسٹ سیلر فہرست کا حصہ بنی ہیں۔اس کی کتابوں کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ دنیا کی چالیس سے زائد زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہیں۔وہ بہترین مقرر ہے۔

اپنی گفتگو کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدل چکا ہے، اس کے منہ سے نکلنے والا ہر لفظ امید اور زندگی سے بھر پور ہوتا ہے اپنی تقریری سرگرمیوں کے سلسلے میں وہ آدھی سے زیادہ دنیا گھوم چکاہے۔

‏اس نے 2005 میں "Life without Limbs" اور 2007 میں "Altitude is Altitude" کے نام سے تربیتی کے ادارے قائم کیے ، جہاں وہ کاروباری اداروں، افراد اور دنیا کی مختلف حکومتوں کے اہلکاروں کو کامیابی کے گُر سکھاتاہے۔ اس کے لاکھوں فالوورز ہیں، جنہیں وہ اپنی گفتگو، وڈیوز اور تحریروں کے ذریعے بہتر اور خوشحال زندگی جینے کی ترغیب دیتا ہے۔ بی بی سی، سی این این، سی این بی سی BBC, CNN, CNBC سمیت دنیا بھر کے معروف ٹی وی چینلز وقتاََ فوقتاََ اس کے انٹرویوز نشر کرتے رہتے ہیں۔پیروں سے محروم ہونے کے باوجود وہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوا ہے۔

‏اس نے پھر شادی بھی کی۔اس کی بیوی ایک خوبصورت آسٹریلوی ماڈل ہے، ان کے چار ہنستے کھیلتے خوبصورت بچے ہیں، یہ اپنی خوبصورت بیوی اور بچوں کے ساتھ کیلیفورنیا، (امریکا )میں اپنے عالی شان گھر میں اپنی من پسند زندگی جی رہا ہے۔

Nick vujicic کی اسٹوری مایوس اور معذور نوجوانوں کے لیےحوصلہ بڑھانے کے لیے ہے۔

جب آپ اپنے پورے جسم کے ساتھ اپنی "ادھوری" زندگی سے تنگ آنے لگیں تو نک وی جی کے ادھورے جسم کے ساتھ "پوری" زندگی آپ کوجینے کا ہُنر اور حوصلہ عطا کرے گی۔