حریت رہنما اشرف صحرائی بھارتی حراست میں انتقال کرگئے

May 05, 2021

مقبوضہ کشمیر کے سینیئر حریت رہنما اور تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی بھارتی حراست میں انتقال کر گئے۔

بھارتی قید میں اشرف صحرائی کے انتقال پر کُل جماعتی حریت کانفرنس نے کل وادی میں مکمل احتجاجی ہڑتال کی کال دے دی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کی ادھم پور جیل میں قید اشرف صحرائی کو طبیعت بگڑنے پر گذشتہ روز اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کی حالت نہ سنبھل سکی اور وہ آج خالق حقیقی سے جا ملے۔


قابض بھارتی فورسز نے کالے قانون کے تحت اشرف صحرائی کو گذشتہ برس جولائی میں گرفتار کیا تھا، اشرف صحرائی کو بیمار ہونے پر کئی عرصے سے جیل میں علاج کی کوئی سہولت نہیں دی گئی تھی۔

اشرف صحرائی کے بیٹے کو بھی گذشتہ برس قابض بھارتی فورسز نے جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔

اشرف صحرائی کے انتقال کی خبر آتے ہی قابض بھارتی فورسز نے وادی کے متعدد حریت کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔