عید پرشہریوں کوکھانے پینے میں اعتدال سے کام لینا ہوگا، ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر

May 07, 2021

لاہور(خصوصی نمائندہ)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ شہریوں کو عید الفطر کے موقع پر کھانے پینے میں خصوصی اعتدال سے کام لینا چاہیے۔پروفیسر طاہر صدیق، ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر شاہد میو اور ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے میں کیجئے احتیاط اور دیجئے معدے کو آرام، مرغن اور چٹخارے دار کھانوں سے پرہیز کیجئے، بازاری کھانوں اور مشروبات سے اپنے آپ کو اور اپنے پیاروں کوبچائیں۔ تاکہ ہسپتال کے چکروں سے دور رہیں ۔پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ اس بے احتیاطی کے رد عمل کے طور پر صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور عید الفطر کے دو تین دنوں میں بسیار خوری سے اعصابی بیماریاں،دماغی کمزوری،بلند فشار خون اور ذیابیطس جیسے مرض لاحق ہو سکتے ہی ۔پروفیسر طاہر صدیق، ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر شاہد میو اور ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے مزید کہا کہ معدے کی سوزش،السر اور ذہنی تناؤ سے بچنے کے لئے مرغن غذاؤں اور تیز مرچ مصالحوں اور زائد نمک کے استعمال سے اجتناب کرنا چاہیے ۔