سریاب روڈ واقعہ قابل مذمت ،ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ،حافظ حمداللہ

May 07, 2021

کوئٹہ ( آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء و پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا حافظ حمداللہ نے گزشتہ روز سریاب روڈ پر ایگل سکواڈ کی جانب سے ایک نوجوان طالب علم فیضان جتک کی شہادت پر دلی درد و غم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ظالمانہ اور قابل مذمت ہے۔ واقعات کی بروقت روک تھام نہ کی گئی تو نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو لاوارث سمجھ کر ان کے گریبانوں پر ہاتھ ڈالنے والوں کے گریباں بھی مقدس نہیں عوام کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے انتظامیہ سے دست و گریباں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے قتل و غارت گری اور رشوت خوری میں مگن ہے۔ کورونا ایس او پیز کے نام پر عوام اور دکانداروں کو تنگ کرنا بدترین ظلم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، عوام کو لاوارث سمجھ کر ان کے گریبانوں پر ہاتھ ڈالنے والوں کے گریبان بھی مقدس نہیں ۔