کوئٹہ ،ڈی آئی جی سے جمعیت کے وفد کی ملاقات ،امن وامان ،عید اجتماعات اوردیگر امور پر غور

May 07, 2021

کوئٹہ ( پ ر) جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کےسینئر نائب امیرصوبائی جوائنٹ سیکرٹری مولانا خورشید احمد کی سربراہی میں ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ نائب امیر مولانا محمد ایوب سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد پر مشتمل وفد نے ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم سے ملاقات کی ملاقات میں گزشتہ دنوں مقامی شاپنگ سینٹر اور انتظامیہ کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال، ایگل سکواڈ کی جانب سے فیضان جتک کی ہلاکت،لاک ڈاؤن کے باعث تاجروں اور دکانداروں کو درپیش مشکلات، امن وامان کی صورتحال،کوورنا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایس اوپیز پر عمل درآمد، عید الفطر کے اجتماعات کے اہتمام سمیت شہریوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی جمعیت کے وفد کو ڈی آئی جی نے مقامی شاپنگ سینٹر میں ہونے والے ناخوشگوار واقعہ کے سلسلے میں پرامن حل اور میرٹ کے مطابق فیصلہ کی یقین دہانی کرائی جبکہ جمعیت علمائے اسلام نے پرامن حل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں جس پر اتفاق کیا گیا کہ فریقین کو انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق کارروائی کی جائے گی اس مسئلے پر کسی قسم کا دباؤ نہیں جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ نے ایگل سکواڈ کی جانب سے کوئٹہ کے نوجوان شہری فیضان جتک کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ مذکورہ واقعہ پر ہمیں بھی تشویش ہے اس واقعہ میں ملوث اہلکار گرفتار ہے مقتول کے خاندان کو ضرور انصاف ملے گا اس حوالے سے بھی تمام تر قانونی تقاضے احسن طریقے سے پورے کیے جائیں گے، ایس او پیز کے نام پر دکانداروں تاجروں اور ٹیلر ماسٹروں کی گرفتاری کے فوراً بعد ایف آئی آر کاٹنے کے حوالے سے ڈی آئی جی کو عوام الناس اور جماعت کی تشویش سے آگاہ کیا جس پر اتفاق ہوا کہ انتظامیہ اور عوام باہمی تعاون کے ساتھ انتظامیہ اور تمام مذہبی جماعتوں کے مشترکہ لائحہ عمل پر عملدرآمد کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پرعمل کو یقینی بنائیں گے۔