چاند رات تک گاڑیاں چلانے کی اجازت دی جائے،جنوبی پنجاب ٹرانسپورٹرز

May 07, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کے ٹرانسپورٹرز نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ چاند رات تک گاڑیاں چلانے کی اجازت دی جائے، ٹرین آپریشن جاری ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے ،مدینہ کی ریاست میں یہ دہرا معیار ناقابل برداشت ہے۔تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے ٹرانسپورٹرز نے مطالبات کی منظوری کیلئے وزیراعظم عمران خان سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپیل کی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے مطالبات پر شنوائی نہ ہونے کی صورت میں ٹرین آپریشن روکنے کی بھی دھمکی دے دی ۔ انہوں نے کورونا کے حوالے سے عائد کئے گئے موجودہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے ڈیزل و پیٹرول پر 50 فیصد سبسڈی اور ایک سال کیلئے ٹول پلازہ و ٹوکن ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایسوسی ایشن رانا محمد اصغر ، چیئرمین رانا وقار نثار اور رانا جہانزیب نے کہا ہے کہ ہم وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہیں کہ 8 تاریخ کو لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ واپس لیا جائے 10 تاریخ کو چھٹیاں ہونے پر مسافر اپنے گھروں کو منزل مقصود تک کیسے جائیں گے ؟ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اربوں روپے کا سالانہ ریونیو فراہم کرتے ہیں اور ہم ہر موقع پر حکومت کے شانہ بشانہ رہے ہیں لیکن ملک میں ٹرین آپریشن تو جاری رہے اور پبلک ٹرانسپورٹ بند کر دی جائے یہ دوہرا معیار یار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین ایسوسی ایشن چودھری طارق گجر، وائس چیئرمین اشفاق ڈوگر ، جنرل سیکرٹری میاں ولی محمد ، ملک عباس ڈوگر ،ملک جاوید ڈوگر، رانا محمد عرفان ،ملک اچھو ڈوگر، ملک عمران، چودھری جاوید کھرل ، ملک خلیل ڈوگر، رزاق ڈوگر ،ملک شفیق ودیگر ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی ۔