ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے25کروڑ کے 14 ترقیاتی منصوبے منظورکرلیے

May 07, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی ملتان نے 14 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی، جن پر25 کروڑ70 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔منظور کئے گئے منصوبوں میں سڑکوں کے5،سکولوں کے7،سیوریج اور سٹریٹ لائٹس کا ایک ایک منصوبہ شامل ہے۔گزشتہ روزڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی ملتان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کی ایک پائی بھی لیپس نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بستی ملوک روڈ عبداللہ چوک سے مینگو ریسرچ اسٹیشن تک سڑک کی تعمیر پر3کروڑ66 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔جہاں بوائز سکول سے بی ایچ یو چک 10 ٹی تک روڈ کی تعمیر پر 3کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ پکھی سرکارشیر سنگھ سے کوٹھے والا تک سڑک کے منصوبے کیلئے 3کروڑ 49 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔اسی طرح بدھلہ روڈ سے دری والا کوٹ گوجراں روڈ کی تعمیرپر5کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے،علی شہزاد نے کہا کہ فرخ ٹاون اور راجہ پور میں سیوریج کے منصوبے پر5کروڑ روپے لاگت آئے گی۔گورنمنٹ گرلزہائی سکول علی والا،ایلم پور، بمب اورگورنمنٹ پرائمری سکول تلکوٹ،ٹبی والا، رمضان آباد اور دائرہ پور میں اضافی رومز تعمیر ہونگے۔سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر پر1کروڑ 13لاکھ روپے خرچ ہونگے۔