نیب نے احکامات کو خاطر میں نہیں لانا تو عدالت کو تالا لگا دیتے ہیں، ہائیکورٹ کا اظہار برہمی

May 07, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) عدالتی اسٹے آرڈر کے باوجود سابق ڈپٹی اسپیکر شیر علی گورچانی کی پراپرٹی نیلام کرنے کی کارروائی پر ہائی کورٹ ملتان بینچ کا نیب پر اظہار برہمی۔ہائی کورٹ ملتان کے ڈویژن بینچ نے ڈی جی نیب، ایڈیشنل ڈائریکٹرز نیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجن پور اور اسسٹنٹ کمشنر ڈی جی خان کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ نیب نے اگر عدالتی احکامات کو خاطر میں نہیں لانا تو ہائی کورٹ کو تالا لگا دیتے ہیں، نیب والے سر جوڑ کر بیٹھ جاتے ہیں تو عدالتی حُکم ناموں کو ہوا میں اُڑا دیتے ہیں. ایسا نہیں ہونے دیں گے. نیب اور انتظامی افسران کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کررہے ہیں، دیکھتے ہیں کیسے عدالتی احکامات کی پاسداری نہیں ہوتی۔آئندہ پیشی پر تحریری طور پر جواب جمع کرائیں کہ واضح عدالتی حکم کے باوجود جائیداد کی نیلامی کی کاروائی کیوں شروع کی.نیب ملتان نے حکمِ امتناعی کے باوجود سابق ڈپٹی اسپیکر شیر علی گورچانی کی جائیداد کی نیلامی کے لئے اخبار اشتہار جاری کئے تھے۔