ڈی جی نیب کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 27 مئی تک ملتوی

May 07, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت ملتان نے ڈی جی نیب کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 27مئی تک ملتوی کردی ہے۔ کیونکہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے دوران ملزمان کو جیل سے عدالت پیش نہیں کیا جارہا۔یاد رہے کہ نیب عدالت نے ملزم شیخ شاہد جمال کی دو گاڑیاں واپس نہ کرنے پر ڈی جی نیب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ ملزم کے بیٹے محسن جمال کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے دوران تفتیش والد کو شہریوں سے کالونیوں کی مد میں کروڑوں روپے کے فراڈ پر گرفتار کیا اور انکے قبضے سے دو قیمتی گاڑیاں بھی تحویل میں لے لیں اب مقدمہ کا ریفرنس عدالت میں زیر سماعت ہے اس لیے گاڑیاں واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔