ہراساں کرنے کیخلاف درخواست پر پولیس اور سی ٹی ڈی سے جواب طلب

May 07, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ کے جج مسٹر جسٹس شاہد بلال حسن نے دہشت گردی کے مقدمہ میں بری ہونے والے داماد کی وجہ سے سسرالیوں کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ سٹی جامپور اور سی ٹی ڈی راجن پور سے 25 مئی کو جواب طلب کر لیا ہے۔قبل ازیں عدالت عالیہ میں پٹیشنر عبدالحمید ماچھی نےرٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس نے اپنی بیٹی کا نکاح اپنے بھانجے محمد عمران کے ساتھ کیا تھا۔محمد عمران کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا اور وہ انسداد دہشتگری عدالت ڈیرہ غازی خان سے باعزت بری ہوگیا۔یکم مئی کو ایس ایچ او جام پور اور سی ٹی ڈی راجن پور گھر میں زبردستی گھس آئے اور سائل و فیملی کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے لگے، اور کہا کہ اپنے داماد کو پیش کرو جبکہ اس کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔