بگ باس 14 کے رنر اپ راہول ویدیا کا فیس بُک اکاؤنٹ ہیک

May 07, 2021

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے رنراپ اور گلوکار راہول ویدیا کا فیس بُک اکاؤنٹ ہیک ہوگیا۔

اس حوالے سے راہول ویدیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے ایک اہم اطلاع دی۔

راہول ویدیا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرا فیس بُک پیچ ہیک ہوگیا ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’براہِ کرم! میرے فیس بُک پیچ پر پوسٹ ہونے والی ویڈیوز کو نظر انداز کریں کیونکہ یہ پوسٹس ہیکر کی جانب سےکی جارہی ہیں۔‘

اس سے قبل کسی نے بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح روبینہ دلیک کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی تھی۔

روبینہ دلیک نے اپنے انسٹا پیغام میں بتایا تھا کہ ’کوئی شخص اُن کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کررہا ہے۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا تھا کہ ’تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ہیکر کا تعلق دہلی سے ہے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والا بھارت کا مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 14 اختتام پذیر ہوگیا ہے اور اس سیزن کی فاتح سب سے مضبوط اُمیدوار روبینہ دلیک قرار پائی ہیں۔

دوسری جانب بھارت کے معروف گلوکار راہول ویدیا نے بگ باس کے سیزن 14 کے رنراپ ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔