لیجنڈری اداکار امریش پوری کی فیملی فوٹوز وائرل

May 07, 2021

بالی ووڈ فلم انڈسٹری پر ولن کے کردار میں کئی برسوں تک راج کرنے والے عظیم اداکار امریش پوری کی فیملی فوٹوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

گزشتہ دنوں سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر امریش پوری کی کچھ تصویریں وائرل ہورہی ہیں جن میں اُن کے ساتھ اُن کے اہلخانہ بھی موجود ہیں۔

وائرل ہونے والی پہلی تصویر میں امریش پوری کے ساتھ اُن کی اہلیہ اور دونوں بچے موجود ہیں جبکہ یہ تصویر اداکار کے جوانی کے دنوں کی ہیں۔

دوسری تصویر میں امریش پوری کے اُن کے دونوں بچوں کے علاوہ دیگر دو نوجوان لڑکے بھی موجود ہیں۔

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار کی یہ فیملی فوٹوز دیکھ کر اُن کے مداح ایک بار اُنہیں یاد کرنے لگ گئے ہیں۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے اب تک بالی ووڈ میں امریش پوری جیسا بہترین اداکار نہیں دیکھا۔

واضح رہے کہ 1932 میں بھارتی پنجاب کے علاقے جالندھر میں پیدا ہونے والے امریش پوری نے بالی ووڈ میں منفی کردار سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی بھارتی فلم انڈسٹری پر چھا گئے۔

امریش پوری نے رام لکھن، مسٹر انڈیا، سوداگر، کرن ارجن، کوئلہ، ودھاتا، ہیرو، پھول اور کانٹے، پردیس، میری جنگ اور دل والے دلہنیا لے جائیں گے جیسی یادگار فلموں میں لازوال کردار ادا کیے۔

امریش پوری ہالی ووڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے اور انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم جیسی بلاک بسٹر فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور فلمی دنیا میں بطور ولن کئی ایوارڈ ز بھی اپنے نام کیے۔

12 جنوری 2005 کو فلمی دنیا کا یہ نامور ستارہ ممبئی کے اسپتال میں دماغ کی شریان پھٹ جانے کی وجہ سے موت کی اندھیری وادی میں کھو گیا۔