معروف بھارتی میوزک کمپوزر ونراج بھاٹیا چل بسے

May 07, 2021

بھارتی میوزک انڈسٹری کے مقبول ترین میوزک کمپوزر ونراج بھاٹیا 93 برس کی عُمر میں دُنیا سے رخصت ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف میوزک کمپوزر ونراج بھاٹیا نے آج صبح ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں، وہ گزشتہ کئی سالوں سے کئی امراض میں مبتلا تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میوزک کمپوزر ونراج بھاٹیا بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے شدید پھیلاؤ کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے اپنا معمول کا چیک اپ بھی نہیں کروا رہے تھے کیونکہ اُنہیں کورونا میں مبتلا ہونے کا خوف تھا۔

ونراج بھاٹیا نے اپنے کیرئیر میںسنیما، اشتہا، ٹیلی ویژن اور اسٹیج کی دُنیا کے لیے کئی میوزک کمپوز کیے۔

میوزک کمپوزر 31 مئی 1927 کو ممبئی میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے لندن میں رائل اکیڈمی آف میوزک اور پیرس کنزرویٹری میں تعلیم حاصل کی تھی۔

ونراج بھاٹیا کی موت پر بھارتی میوزک انڈسٹری کی جانب سے شدید دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت میں بےقابو کورونا وائرس نے بالی ووڈ اور بھوجپوری فلم انڈسٹری کی ایک اور سینئر اداکارہ سری پراڑہ کی جان لے لی تھی۔

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سری پراڑہ حال ہی میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار ہوگئی تھیں جس کے بعد اُن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی تھی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بالی ووڈ اداکارہ کی طبیعت سنبھلنے کے بجائے مزید خراب ہوتی گئی جس کے بعد وہ دو روز قبل اس دُنیا سے کوچ کرگئیں۔