فخرِ عالم نے برطانوی ہائی کمشنر کو ہیرو کیوں قرار دیا؟

May 07, 2021

معروف پاکستانی اداکار و گلوکار فخرِ عالم نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کو اسلام آباد کی گلیوں سے کچرا جمع کرکے شہر کی انتظامیہ کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے پر ہیرو قرار دے دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فخرِ عالم نے پاکستانی عوام سے سڑکوں اور گلیوں میں کچرا پھینکنے سے بعض رہنے کی اپیل کی ہے۔

گلوکار نے برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’کرسچن ٹرنرآپ کا شکریہ، آپ ہمارے ہیرو ہیں اور قدرت کے چیمپیئن ہیں۔‘

فخرِ عالم نے برطانوی ہائی کمشنر کو دُعا دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرے دوست آپ پر خدا کی رحمت ہو۔‘

واضح رہے کہ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے آج صبح چہل قدمی کرتے ہوئے اسلام آباد کی گلیوں میں پھیلا ہوا کوڑا کرکٹ جمع کیا اور اپنی چند تصویریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے اپنی ان تصویروں کو شیئر کرتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات اور کلین گرین پاکستان ادارے کو مخاطب کرکے یاد دلایا کہ ’صفائی نصف ایمان ہے۔‘