وقار ذکاء کا ایمیزون کے پاکستان میں شروع ہونے کا کریڈٹ لینے والوں کو کرارا جواب

May 07, 2021

شوبز انڈسٹری کے مشہور میزبان وقار ذکاء نے ایمیزون کے پاکستان میں آپریشن شروع ہونے کا کریڈٹ لینے والوں کو کراراجواب دے دیا ہے۔

وقار ذکاء نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان سب لوگوں کو پیغام دیا ہے جو ٹیک کمپنی ایمیزون کے پاکستان میں آپریشن شروع ہونے کا کریڈٹ لینے کوشش کررہے ہیں۔

میزبان وقار ذکاء نے پی ٹی آئی کے رہنما اور کے پی کے اسمبلی کے ممبر ضیا اللّہ بنگش کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ان لوگوں کے لیے ہے جو کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہوں نے حکومت کو ایمیزون کے پاکستان میں آپریشن یا فیس بک منیٹائزیشن یا کریپٹو کے لیے مشورہ دیا تھا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ’جب ہر کوئی اپنے کاروبار کرنے میں مصروف تھا تب صرف ٹیک موومنٹ پاکستان تھی جس نے حکومت پر پاکستان میں ایمیزون کے آپریشن شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔‘

یہاں قابلِ غور بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اور کے پی کے اسمبلی کے ممبر ضیااللّہ بنگش نے اپنے ٹوئٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایمیزون کے پاکستان میں آپریشن یا فیس بک منیٹائزیشن یا کریپٹو کے لیے مشورہ وقار ذکاء نے دیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ایمیزون کے پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمیزون کے آپریشن شروع کرنے سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔