برطانیہ، کنزر ویٹو پارٹی کے امیدوار کی PTI کے گانے پر انوکھی انتخابی مہم

May 07, 2021

برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار کی پاکستان کی حکمران جماعت پی ٹی آئی کے گانے پر انوکھی انتخابی مہم کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

برطانیہ کی کنزرویٹوپارٹی کے امید وارکی بچوں کے پلے گراؤنڈ میں بنائی گئی پی ٹی آئی کے گانے ’تبدیلی آئی رے‘ پر انوکھی انتخابی مہم کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے۔

ایک معروف غیر ملکی جریدے کے صحافی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانیہ کی کنزرویٹوپارٹی کےایک امیدوار ٹائیگر پٹیل کی انتخابی مہم کی ویڈیو شئیر کی ہے۔

صحافی ہننا پارکنسن نے اس ویڈیو کو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’براہ کرم بلیک برن سے انتخابی مہم کے اس ناقابل یقین ویڈیو سے لطف اٹھائیں۔‘

اس ویڈیو میں، بلیک برن میں آڈلی اور کوئینز پارک وارڈ کے لیے ٹوری امیدوار ٹائیگر پٹیل کو بچوں کے خالی پارک میں چلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس میں کھیل کے میدانوں کی غیر معمولی صورتحال کو اجاگر کرنے کی کوشش میں ٹوٹے ہوئے جھولے دکھائے جارہے ہیں۔

ویڈیو میں پاکستان کی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کامشہور گانا ’تبدیلی آئی رے‘ بھی سنا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ ویڈیو میں ایک اور قابلِ غور بات یہ ہے کہ اپنی انتخابی مہم میں امیدوار ٹائیگر پٹیل روایتی پاکستانی انداز میں کرتا شلوار کے اوپر ایک کوٹ پہنے نظر آرہے ہیں۔

صحافی ہننا پارکنسن کی پوسٹ کی ہوئی اس ویڈیو کو اب تک 20ہزار سے زیادہ افراد لائیک کرچکے ہیں اور اس ٹوئٹ کو کم از کم 3 ہزار مرتبہ ریٹویٹ کیاجا چکا ہے۔