کورونا بحران: آسٹریلیا کا بھارت میں پھنسے اپنے شہریوں کو واپس بلانے کا فیصلہ

May 07, 2021

آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا آئندہ ہفتے کورونا وائرس کے تباہ کن بحران سے دوچار بھارت میں پھنسے اپنے شہریوں پر وطن واپس آنے کی عائد پابندی اٹھا لے گا۔

ایک غیر ملک خبر ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ سے بری طرح متاثرہ بھارت سے آنے والے افراد کو آسٹریلیا میں داخلے پر پانچ برس قید اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔

موریسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے جو قواعد لاگو کیے تھے وہ انتہائی موثر ثابت ہوئے ہیں، ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت تھی اور یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا تھا تاکہ یہاں آسٹریلیا میں کووڈ 19 کی تیسری لہر سے بچا جا سکے۔

مسافروں کے لیے اپنا کورونا وائرس کا منفی ٹیسٹ دکھانا ضروری ہوگا جبکہ 14 دن تک خود کو ہوٹل میں قرنطینہ کرنے کے اصول کی پابندی کرنا ہوگی۔