بھارت میں سول سوسائٹی کیخلاف جبر کا خاتمہ کیا جائے، ماریا ارینا

May 07, 2021

یورپین پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کی سب کمیٹی کی چیئرپرسن ماریا ارینا نے بھارت میں سول سوسائٹی کے خلاف ہونے والے جبر کے خاتمے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے یورپین کونسل، یورپین کمیشن اور یورپین خارجہ امور سے کہا ہے کہ ہندوستانی آبادی کے ساتھ یکجہتی کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہندوستانی حکام سے بنیادی حقوق کے احترام اور سول سوسائٹی کے خلاف موجود جبر کے خاتمے کا مطالبہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا کے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔

جس میں انہوں نے کل منعقد ہونے والی ای یو-انڈیا سمٹ کے حوالے سے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین، یورپین پارلیمنٹ، یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور یورپین یونین کے موجودہ صدر ملک پرتگال کی قیادت کو مخاطب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آبادی کے ساتھ یکجہتی دکھانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ وہاں کے اعلیٰ حکام سے عوام کے بنیادی حقوق کے احترام اور ہندوستان میں سول سوسائٹی کے خلاف موجود جبر کے خاتمے کا مطالبہ کیا جائے۔