ماہرہ خان شوبز انڈسٹری میں کس طرح آئیں؟

May 08, 2021

پاکستان کی خوبصورت اور معروف اداکارہ ماہرہ خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں اور دوران شو میزبان کے شوبز انڈسٹری میں انٹری سے متعلق سوال پر گفتگو ہوئی۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ میں کالج کی چھٹیوں کے دوران ایک نجی ٹی وی چینل میں کام کرنے والے کچھ دوستوں کو پک کرنے گئی تھی، وہاں مجھے ایک چینل کے ایگزیکٹو غضنفر علی نے دیکھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ غضنفر علی نے انگلی سے اشارہ کرتے ہوئے اپنی جانب بلایا اور کہا تم وی جے بن جاؤ لیکن میں نے انہیں انکار کردیا اور کہا کہ مجھے وی جے نہیں بلکہ مووی اسٹار بننا ہے۔

ماہرہ خان کے مطابق غضنفر علی نے ان سے کہا کہ مووی اسٹار بھی بن جاؤ گی لیکن ابھی وی جے بن جاؤ۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ چینل نے ان پر وی جے بننے کے لیے دباؤ ڈالا لیکن جب میں وی جے بن گئی تو میں نے وی جے کو انجوائے کرنا شروع کردیا۔

خیال رہے کہ سپر اسٹار ماہرہ خان اداکاری میں پاکستان سمیت سرحد پار مقبولیت حاصل کرنے کے بعد اب پروڈکشن میں بھی انٹری دے چکی ہیں۔