حکمرانوں کی بدترین کارکردگی سے عوام پریشان ہیں، جاوید قصوری

May 09, 2021

لاہور( این این آئی) جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر و صدر ملی یکجہتی کونسل محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں 90پیسے فی یونٹ اضافہ قابل مذمت اس سے عوام پر 90ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔حکمرانوں کی بے حسی سے عوام پریشان اور بد ترین کاکردگی سے ناراض ہیں۔ حکومت آئی ایم ایف سے قرضہ حاصل کرنے کی غرض سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ کررہی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے قرضہ حاصل کرنے کے لیے ماضی کی حکومتوں کے بھی سارے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں ۔آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق جب تک گلے میں ہے اس وقت تک دنیا میں پاکستان کی عزت اوروقار بحال نہیں ہو سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسوں کی بدولت گزشتہ دوبرسوں میں ملک وقوم پر قرضوں کے مجموعی بوجھ میں11300 ارب روپے کے اضافے کے بعد قرضہ36300ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جو کہ جی ڈی پی کا 87فیصد بنتا ہے جبکہ اس رقم میں سعودی عرب اورمتحدامارات سے لیا گیا قرضہ اورواجبات شامل نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس بڑھ کر اورحکمرانوں کی نااہلی کیا ہوگی کہ حکومت 11ارب 89کروڑ یومیہ قرضہ حاصل کر رہی ہے ۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جارہاہے ۔