موجودہ حکومت نے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے، حفیظ اللہ خاکسار

May 09, 2021

پشاور(وقائع نگار) جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری حفیظ اللہ خاکسار اور صوبائی نائب صدر نور غلام آفریدی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے جس سے عوام کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں جبکہ حکمران اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں اور عوام کو بے یار و مدد گار چھوڑ کر سب اچھا ہے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے جس سے غریب عوام کی حالت مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن سے پہلے دعوے کئے تھے کہ وہ بر سر اقتدار آکر دودھ اور شہد کی نہریں بہائینگے تاہم اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے عوام کو آنسو بہانے پر مجبور کردیا ہے انہوں نے کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانے اور خودکشیوں پر مجبور ہیں جبکہ حکمرانوں کی جانب سے ’’ڈرنا نہیں‘‘ کی رٹ لگائی جاتی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مختلف اوقات میں غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں تاہم غلطیوں کو ٹھیک نہیں کرتے اور نہ ہی اپنی ٹیم میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ موجودہ وزیر اعظم نے ملک کو تجربہ گاہ بنایا ہوا ہے جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے ۔