پشاور،مسافروں کیلئے لاک ڈائون کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں نرمی

May 09, 2021

پشاور(وقائع نگار) خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے عید پر گھروں کو جانیوالے مسافروں کیلئے لاک ڈائون کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں نرمی کے تحت گزشتہ روز پشاور کے تمام اڈے کھلے رہے تاہم مسافروں کی تعداد کم رہی پشاور سمیت صوبہ بھر میں بین الاضلاعی روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ چلتی رہی صوبائی حکومت نے عیدالفطر کیلئے پشاور سے مختلف اضلاع کو اپنے گھروں کو جانیوالے مسافروں کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ میں نرمی کی ہے جس کے تحت ہفتہ کے روز پشاور کے جنرل بس سٹینڈ ، کوہاٹ اڈہ اور چارسدہ اڈہ سمیت دیگر اڈے کھلے رہے لیکن جمعہ کے روز اپنے علاقوں کو روانگی کے باعث گزشتہ روز مسافروں کی تعداد کم رہی جس کی وجہ سے اکثر گاڑیاں بھی واپس ہوئیں ٹرانسپورٹروں نے کہا کہ پشاور سمیت صوبہ بھر میں انٹر سٹی اور بین الاضلاعی روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ چلنے کی اجازت حکومت نے دیدی لیکن موٹروے اور جی ٹی روڈ پر اکثر گاڑیاں پشاور کو واپس کر دی گئیں یا ان کے روٹس تبدیل کر دیئے گئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ ایک ہفتہ قبل ہی ٹرانسپورٹ میں نرمی کا اعلان کرتی کیونکہ آخری دنوں میں اس اعلان کا فائدے کی بجائے ٹرانسپورٹروں کو نقصان ہوا دوسری جانب مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز ان سے دوگنا کرائے وصول کرتے ہیں جس پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے خاموشی اختیار کر دی ہے۔