جڑواں شہروں میں تین افراد قتل، دو افراد موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ کا نشانہ بنے

May 09, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں میں مختلف واقعات میں تین افرادکو قتل کردیاگیا ۔تھانہ چونترہ کے علاقہ میں نوجوان کوفائرنگ کرکے قتل کردیاگیا ذرائع کے مطابق چک بیلی کے قریب موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے محسن جاوید کو موت کے گھاٹ اتاردیا،پولیس نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال میں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد نعش ورثاکے حوالے کردی ۔تھانہ شمس کالونی پولیس کو محمد علی صادق نےبتایا کہ میرے والد طارق علی گلی نمبر تین کیپٹل ہوم شمس کالونی میں اکیلے رہتے تھے میری والدہ نے کال کرکے مجھے بتایاکہ تمہارے ابوکوکچھ ہوگیا ہے ان کے گھرپہنچو میں جب وہاں پہنچا توپولیس پہلے سے وہاں موجودتھی جہاں پرمیرے علم میں آیاکہ میرے والد کو قتل کردیا گیاہے ،وہاں پرموجود شکیلہ بی بی جو والدکے ساتھ دفتر اسلامی شرعی شادی میں کام کرتی تھی نے بتایاکہ افطاری کے وقت جب میں طارق علی کے گھرآئی توگھرکی تمام لائٹس آن تھیں اورباتھ روم میں لاش اورخون پڑاتھا ، میں نے فوراً پولیس بلائی ۔ میرے علم میں آیاہے کہ میرے والدکے پاس ایک لڑکامعیظ علی جو آفس بوائے تھا کچھ دن سے ان کے پاس ٹھہراہواتھا وہ بھی غائب ہے والدصاحب کی گاڑی نمبر اے سی ڈبلیو 010 اوران کے دونوں موبائل بھی غائب ہیں ۔ تھانہ سہالہ پولیس کو اسد علی نے بتایا کہ جدہ ٹاؤن میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے راستے میں گاڑی کھڑی کرنے کے تنازعپر پسٹل سے فائرنگ کرکے میرے کزن اعظم کو قتل اور مجھے زخمی کر دیا۔