زمبابوے پاکستان کیخلاف 132 پر ڈھیر،فالو آن کا شکار

May 09, 2021

ہرارے ٹیسٹ کے تیسرے روز زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف ابتدا سے ہی شدید مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم پہلی اننگ میں 132 رنز پر ڈھیر ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی۔

تیسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 4 وکٹ 52 رنز سے کیا۔

کھیل کے ابتداء میں ہی اس کو 3 وکٹوںکا نقصان اٹھانا پڑگیا، اس کی پانچویں وکٹ 53 رنز پر گر ی جب چوسورو ایک رن بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس کے فوراً بعد ہی چھٹی وکٹ 68 رنز پر گر گئی جب چکابووا 66 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔

میزبان ٹیم کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لوک جانگوی تھے وہ 19 رنز بنا سکے، آٹھویں وکٹ 108 اور نویں 110 کے مجموعی اسکور پر گری۔

زمبابوے کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مظربانی تھے وہ 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، اس طرح میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 132 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کو زمبابوے کے خلاف 378 رنز کی برتری حاصل ہے

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 ، ساجد خان نے 2، تابش خان اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل گزشتہ روز مہمان ٹیم پاکستان نے آٹھ وکٹ پر 510 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی، عابد علی 215 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ نعمان علی نے 97 رنز کی اننگز کھیلی ۔