شازیہ اسحاق ملاکنڈ سے پہلی خاتون ASP بن گئیں

May 09, 2021

چترال کے دور افتادہ علاقے بونی سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ شازیہ اسحاق سی ایس ایس کا امتحان نمایاں کارکردگی سے پاس کرکے ملاکنڈ ڈویژن سے پہلی خاتون اے ایس پی بن گئیں۔

شازیہ اسحاق نے ابتدائی تعلیم اپر چترال اور اعلیٰ تعلیم اسلامیہ کالج پشاور سےحاصل کی، یونیورسٹی آف پشاور سے پولیٹکل سائنس میں ٹاپ کیا اور سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کی، ان کےوالد آرمی سے ریٹائرڈ جونیئر آفیسر ہیں ۔

شازیہ شروع سے پولیس سروسز جوائن کرنے کا شوق رکھتی تھیں، ان کا کہنا ہے کہ پولیس اسٹیشن میں خواتین آفیسر کی موجودگی سے دیگر خواتین اپنے آپ کو محفوظ تصور کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ خواتین کے فلاح وبہبود کےعلاوہ خودکشی کے بڑھتے واقعات کو کم کرنے میں کردار ادا کرسکیں۔

شازیہ کا تعلق ایک ایسے گاؤں سے ہے جو دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے لیکن والدین کی دعاؤں سے ثابت کر دکھایا کہ خواتین بھی اپنی محنت کے بل بوتے پر کسی بھی شعبے میں کارہائے نمایاں سر انجام دے سکتی ہیں۔