تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع!

May 10, 2021

اِن دِنوں وطنِ عزیز کی آبادی کو عالمی وبا کورونا کی چاروں اقسام کا سامنا ہے جن میں سے برطانوی وبا شدت کی طرف بڑھتی دکھائی دے رہی ہے جس کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے ماہِ رواں کے حالیہ دنوں کو انتہائی حساس قرار دیا ہے۔ رمضان کے آخری ایام اور عیدالفطر میں بازاروں، عوامی مقامات اور اجتماعات کا رش ختم کرنے کے لئے 8تا 16مئی کے دوران ملک بھر میں مکمل لاک ڈائون ہے جس کے لئے سرکاری و نجی دفاتر اور بینکوں میں عید کی تعطیلات معمول سے زیادہ دی گئی ہیں۔ تعلیمی ادارے جو مارچ کے آخری دنوں میں 17مئی تک کے لئے بند کر دیے گئے تھے، ہفتے کے روز این سی او سی نے سردست اس بندش میں 23مئی تک توسیع کی ہے جبکہ آئندہ چھٹیاں جاری رکھنے نہ رکھنے کا حتمی فیصلہ 18مئی کو کیا جائے گا۔ ادھر حکومت وفاقی و صوبائی تعلیمی بورڈوں کے تحت ہونے والے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے امتحانات پہلے ہی 15جون تک ملتوی کرنے کا اعلان کر چکی ہے لیکن مراکز کی تعداد اور امتحانی وسائل محدود ہونے کی وجہ سے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بیک وقت لینا ممکن نہیں۔ شیڈول کے مطابق پہلے نویں دسویں اور پھر گیارہویں بارہویں کے امتحانات ہوتے چلے آرہے ہیں جوچار ماہ کے عرصے پر محیط ہوتے ہیں۔ ادھر آنے والے دو تین ماہ تمام تعلیمی اداروں میں گرمی کی تعطیلات کے ہوتی ہیں جس کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کا خیال ہے کہ اگر کورونا وبا کا زور ٹوٹ جائے تو چھٹیاں منسوخ بھی کی جا سکتی ہیں دوسری طرف عالمی اداروں اور ماہرین نے خبردار کررکھا ہے کہ کورونا کی یہ صورتحال اس سال بھی برقرار رہے گی جبکہ گزشتہ برس میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات نہیں ہو سکے۔ اگر اس بار بھی ایسا کیا گیا تو طلبہ کی کارکردگی بری طرح متاثر ہونے کا احتمال ہے۔ لہٰذا متعلقہ اداروں اور حکومت کوہر پہلو سے سوچ بچار کرکے مناسب حل ڈھونڈنا ہوگا۔