شبیر شاہ سمیت کشمیری قیدیوں کورہا کرایا جائے ،بیرسٹرآصف خان

May 10, 2021

وولورہیمپٹن (نمائندہ جنگ)وولورہیمپٹن سے بیرسٹر آصف خان نے ممبر برطانوی پارلیمنٹ گیون ولیم سن کے نام ایک خط کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے صف اول کے سیاسی رہنماؤں کی بھارتی قید سے رہائی کے لیے توجہ دلائی ہے۔ انہوں نے ممبر پارلیمنٹ کو لکھا ہے کہ ان قیدیوں میں ایک اہم قیدی معروف کشمیری رہنما سید شبیر احمد شاہ ہیں جنہیں طویل عرصے تک قید و بند کی سزائیں کاٹنے پر 1992 میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ضمیر کا قیدی قرار دیا تھا اور جو کم و بیش 33 سال اسیری میں گزار چکے ہیں اور اس وقت بھی انہیں بدنام زمانہ تہاڑ جیل دہلی میں جرائم پیشہ افراد کے ساتھ بہت ہی خراب حالت میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں کورونا پھیل چکا ہے اوراس جیل میں صرف 10026 قیدیوں کی گنجائش ہے وہاں پر 20 ہزار سے زائد لوگ اسیر رکھے گئے ہیں۔یہاں کوئی سماجی فاصلہ نہیں جس سے سید شبیر احمد شاہ جو پہلے سے ہی متعدد امراض کا شکار ہیں کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں انہوں نے اسی طرح مشہور کشمیری لیڈر محمد یاسین ملک، نعیم خان، شاہد الاسلام، آسیہ انرابی، ناہیدہ نسرین، فاروق ڈار، ایاز اکبر، پرویز احمد میر اور فیروز احمد بٹ اور دیگر کے واقعات پر توجہ دلاتے ہوئے زور دیا ہے کہ ان کی رہائی کے لیے کاوشیں عمل میں لائی جا ئیں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ سے انصاف ملنے کی امید اس لیے نہیں کہ وہ بھارتی ایگزیکٹو اتھارٹی کی کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہی ہے اور کشمیری سیاسی قیدیوں کی پیرول پر رہائی کیلئے بھارتی لیگل سسٹم ناکام رہا ہے اس لیے بین الاقوامی مہذب برادری کو اپنا کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔