غیر قانونی رہائشی و کمرشل سکیموں کیخلاف آر ڈی اے کا میگا آپریشن

May 10, 2021

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) لینڈ اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ (ایل یو اینڈ بی سی) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہر بھر میں موجود غیر قانونی ہائوسنگ سکیم اور دیگر غیر مجاز تعمیرات کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ ایل یو اینڈ بی سی ونگ آرڈی اے آپریشن ٹیم بشمول انچارج ڈیمولیشن سکواڈ، بلڈنگ انسپکٹرز اور دیگر عملے نے غیر قانونی رہائشی سہ کمرشل عمارتوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے اڈیالہ روڈ راولپنڈی پر گورکھپور کے قریب غیرقانونی ہائوسنگ سکیم کے سائٹ آفس کو مسمار کر دیا۔ تعمیر شدہ اور زیر تعمیر آٹھ مکانات اور 25دکانوں اور سیدپور سکیم میں گھر سربمہر کر دیا گیا۔ آر ڈی اے ترجمان کے مطابق آپریشن ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل 14نوٹسز اور 12چالان جاری کئے گئے جبکہ رہائشی سہ کمرشل عما رتوں سے 08.8ملین روپے فیس و چارجز بھی وصول کئے۔ مذکورہ املاک مالکان نے منظور شدہ منصوبوں و نقشوں کی خلاف ورزی کی جن میں پنجاب ڈویلپمنٹ آف اسٹیٹس ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز2020 ء کی خلاف وزری شامل ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے ایل یو اینڈ بی سی کو بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔