جی 13، 14میں پانی فراہمی منصوبہ زیر التواء،صورتحال خراب ہونیکا خدشہ

May 10, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) اسلام آباد کے سیکٹرجی 13 اور جی14میں پانی کی فراہمی کا منصوبہ تعطل کا شکار ہو گیا ہے ۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے پانی کی فراہمی پر متعین 84 عارضی ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا۔ آئندہ دنوں میں پانی کی فراہمی کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو 25 مئی کو طلب کرلیا۔ اسلام آباد کے سیکٹرجی 13اور جی14میں منصوبہ کے تحت پانی کی فراہمی کے لئے راولپنڈی کینٹ کی56 انچ پانی کی لائن سے منسلک کیا جانا ہے، ہاؤسنگ اتھارٹی نے راولپنڈی کینٹ بورڈ کی جانب سے جگہ کی نشاندہی کے باوجود منصوبہ کو آگے بڑھانے کے لئے ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی اور راولپنڈی کینٹ بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر پہلے ہی دستخط ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی کینٹ بورڈ کو 20 کروڑ روپے کی ادائیگی کے بعد منصوبے پر کام کا آغاز ہونا تھا تاہم ہاؤسنگ اتھارٹی نے ابھی تک ادائیگی نہیں کی۔ پانی کے زیر زمین ٹینک کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے لیکن اسے کینٹ بورڈ کی پائپ لائن سے جوڑنے کے لئے ہاؤسنگ اتھارٹی کے حکام نے ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 اور 14 کی مانیٹرنگ ٹیم کے کوارڈینیٹر اورنگزیب علی خان نے بتایا کہ سیکٹرجی تھرٹین اور فورٹین میں آئندہ دنوں میں پانی کی فراہمی کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے84 عارضی ملازمین کو ان کی نوکریوں سے نکال دیا ہے۔ان ملازمین نے عدالت سے رجوع کرلیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ عدالت عالیہ نے اب فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو وضاحت کے لئے طلب کرلیا ہے۔ راولپنڈی کینٹ کی لائن سے منسلک کرنے کے 200 ملین روپے کے منصوبہ کی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے بورڈ نے منظوری دی ہے۔ راولپنڈی کینٹ کی لائن سے منصونہ کو ملانے کے لئے سی ڈٰی اے نے بھی این او سی جاری کیا ہے۔ پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر کی ذمہ داری ہاؤسنگ اتھارٹی پر ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ان دنوں جی تھرٹین اور فورٹین میں پانی کا سخت بحران ہے جسے حل کرنے کے لئے سیکٹرجی13 اور جی 14 کو 5 لاکھ گیلن پانی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی تھرٹین میں شہریوں کو ہفتے میں صرف ایک بار ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کے لیے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔۔پانی کی اس کمی کا ٹینکر مافیا فائدہ اٹھا رہا ہےاور دو ھزار روپے میں بھی بمشکل ٹینکر دے رھا ھے۔۔ میکنوں کا کہنا ہے کہ سیکٹر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال روز بروز بدتر ہورہی ہے۔