کشمیر وفلسطین پر خاموش مسلم حکمران باری کیلئے تیار رہیں، حامد موسوی

May 10, 2021

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے خبردار کیا ہےکہ کشمیر و فلسطین کے نہتے عوام پر برستی گولیوں پر خاموش مسلم حکمران اپنی بار ی کیلئے تیار رہیں، کسی بھول میں نہ رہیں استعماری قوتیں ایک ایک کرکے سب مسلم ممالک کو نشانہ بنائیں گی ۔کابل سکول حملے نے سانحہ اے پی ایس کی یاد تازہ کردی ۔ افغانستان و پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھائیں، جو بائیڈن سابق صدر ٹرمپ کی متنازعہ پالیسیوں کو ختم کرنے میں ’سچے‘ ہیں تو بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کا امریکی فیصلہ واپس لیں، یورپی یونین اور امریکہ اسرائیل اور بھارت کی مذہبی جنونیت پر تجارتی پابندیاں کیوں نہیں لگاتے۔ عالمی اداروں کی منافقت نے دنیا کا امن خطرے سے دوچار کررکھا ہے، مسلم فرمانروا کشمیریوں کے حق میں آواز کو توہین سمجھتے ہیں،باڑ لگانے والے ایف سی اہلکاروں پرافغانستان سے حملہ بھارتی تربیت کا نتیجہ ہے،مسلم ممالک کے باہمی تنازعات کو پاکستانی خارجہ پالیسی پر حاوی نہ ہونے دیا جائے، کشمیر و فلسطین میں پاکستان کو پکارتی فریادیں تقاضا کررہی ہیں کہ وطن عزیزکو معاشی و دفاعی لحاظ سے اسلام کا حقیقی قلعہ بنایا جائے پاکستان اللہ کے مہینے رمضان کا انعام ہے تم اہل وطن اس عظیم نعمت پر سجدہ شکر بجا لائیں، صیہونی معاشی نظام پوری دنیا کو غلام بنا رہا ہے ہمیں پاکستان کی آزادی کا تحفظ قائد اعظم اور اقبال کے فرامین کی روشنی میں کرنا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک میں قیام پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حامد موسوی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور اقبال مغربی معاشی نظام سے بیزار اور متنفر تھے، قائد اعظم نے سٹیٹ بنک میں اپنی تقریر میں مغربی اقتصادی نظام کی تباہ کاریوں کا کئی عشرے قبل ذکر کردیا تھا ،انہوں نے کہا کہ آج قائد اعظم کی پیش گوئی سچ ثابت ہوچکی ہے۔ْ